سری نگر بالخصوص پائین علاقے میں بیکری دکانوں کے مالکان کا الزام ہے کہ محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کے اہلکار معمولی نوعیت کے بہانے بنا کر ان پر بھاری بھرکم جرمانہ عائد کر دیتے ہیں جبکہ یہ اس محکمے کی ذمہ داری بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ دکانداروں کے ساتھ بداخلاقی بھی کی جاتی ہے اور دکانوں کو مہربند کرنے کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔
سری نگر کے پائین شہر سے تعلق رکھنے والے محمد لطیف صوفی نام کے ایک دکاندار نے بتایا کہ محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کے ایک عملے نے معمولی بہانہ تراش کر کے اس پر پندرہ ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ محکمے کے عملے نے نہ صرف بھاری بھرکم جرمانہ عائد کر دیا بلکہ میرے ساتھ بدسلوکی بھی کی جس سے علاقے میں میری شبیہ داغدار ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ عملے نے میرے دکان میں لگے ریٹ لسٹ کو یکسر بغیر کسی دلیل کے جعلی قرار دیا۔
دکاندار نے کہا کہ مارکیٹ چیکنگ ضروری ہے لیکن یہ عمل صرف عید کے موقعوں پر کیوں کی جاتی ہے اور باقی سال یہ لوگ کہاں ہوتے ہیں۔