جموں (جموں کشمیر) :اترکاشی، اتراکھنڈ میں سرنگ میں پھنسے 41 مزدوروں کی جان بچانے کے لئے جہاں ریاستی و مرکزی حکومت کی جانب سے لگاتار کوششیں کی جا رہی ہیں وہیں ملک بھر میں ان مزدوروں کی بحفاظت گھر واپسی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ یونین ٹیریٹری کے سرمائی دارالحکومت جموں میں بھی منگل کو بجرنگ دل نے سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی بحفاظت گھر واپسی کے لیے ہون، یگیہ کا اہتمام کیا۔
جموں میں منعقد کیے گئے ہون، یگیہ میں بجرنگ دل سے وابستہ کارکنان نے شرکت کی اور مزدوروں کی سرنگ سے بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعائیں کی۔ ہون میں شرکت کرنے والے کارکنان نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا: ’’بحران کی اس گھڑی میں پورا ملک ان لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہم پر امید ہے کہ جلد ہی ان سب کو بحفاظت باہر نکال لیا جائے گا۔‘‘