جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کٹرہ علاقے میں ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں ماہ رواں کے پہلے دس دنوں کے دوران زائد از تین لاکھ عقیدت مندوں نے حاضری دی ہے۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امتحانات کے ختم ہونے کے ساتھ ہی عقیدت مندوں کی تعداد میں اضافہ درج ہونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹرہ میں تہوار جیسا ماحول ہے کیونکہ ملک بھر سے عقیدت مند ماتا ویشنو دیوی میں حاضری دینے کے لئے آ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپریل کے پہلے دس دنوں کے دوران 3 لاکھ 20 ہزار عقیدت مندوں نے یہاں حاضری دی ہے۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ بھاری رش کے پیش نظر یاترا رجسٹریشن سینٹر کو مختصر وقفے کے لئے بند کیا گیا جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند کٹرہ بیس کیمپ پر رک گئے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ نے یاتریوں کی سہولیت کے لئے تمام یاترا رجسٹریشن سینٹر کھلے رکھے ہیں۔دریں اثنا ضلع انتظامیہ یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔