جموں (جموں کشمیر):صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں بشمول لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور انٹرنیشنل بارڈر (آئی بی) کے نزدیکی علاقوں سمیت جنگلاتی علاقوں میں بھی فوجیوں سے چوکس رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ پونچھ اور راجوری کے جنگلات میں، عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر فوجیوں پر حملے کیے اور بعد ازاں فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوئے۔ 2023 میں ان حملوں میں 20 سے زیادہ فوجی جوان مارے گئے۔ جس کے بعد نہ صرف فوج اور بی ایس ایف کے اعلیٰ افسران بلکہ وزیر دفاع نے بھی صوبہ جموں کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
21 دسمبر 2023 کو عسکری حملے کے بعد فوجیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور گشت کرنے والے فوجیوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ فوجیوں کو انتہائی جدید ہتھیاروں اور آلات سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ سرحد کی نگرانی کے لیے نہ صرف اسمارٹ فینسنگ، سی سی ٹی وی بلکہ اب ڈرونز کے ذریعے سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق ایل او سی کے متصل علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔