جموں (جموں و کشمیر) :مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی 23 جون کو جموں میں منعقد ہونے والی ریلی کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ یہ ریلی بھگوتی نگر، جموں میں واقع چوتھے پل کے متصل گراؤنڈ میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ اس ریلی میں ریاستی بی جے پی کی جانب سے ہزاروں لوگوں کو جمع کرنے اور ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
بی جے پی ریاستی صدر رویندر رینہ نے پارٹی لیڈران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور ریلی کے کامیاب انعقاد کے حوالہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رینہ نے پارٹی کارکنان و لیڈران سے جموں میں سماج کے مختلف طبقات کے ساتھ میٹنگز منعقد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے وکرز سے چھوٹے گروپس کی صورت میں عوام سے بات چیت کرنے پر زور دیا تاکہ ریلی کے لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اکٹھا کیا جا سکے اور سماج کے تمام طبقات کے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔