ایک ہزار یاتروں پر مشتمل قافلہ جموں سے روانہ جموں: سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کی بحالی کے بعد جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعرات کی صبح یاتریوں کا ایک اور قافلہ امرناتھ جی کی یاترا کے لئے کشمیر روانہ ہوا۔
بتادیں کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز رام بن میں مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے قریب 18 گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل وحمل رو ک دی گئی تھی جس کے پیش نظر جموں سے یاتریوں کے کشمیر روانہ ہونا کا سلسلہ معطل کر دیا گیا تھا۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کی اجازت دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعرات کی صبح یاتریوں کا 37 واں قافلہ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ 999 یاتریوں پر مشتمل یاتریوں کا یہ جھتا 33 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندو بست کے بیچ ننون پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ننون بیس کیمپ کے لئے 577 یاتری جبکہ بالتل بیس کیمپ کے لئے 422 یاتری روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں:Amarnath Yatra 2023 امرناتھ یاتری مقامی مسلمانوں کے رویہ سے متاثر
یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے لئے اب تک زائد از ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔سال گذشتہ صرف 3 لاکھ 60 ہزار یاتریوں نے ہی پوتر گھپا کا درشن کیا تھا۔62 دنوں پر محیط یہ یاترا 31 اگست کو شرون پورنیما کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔