جموں:نامساعد موسمی صورتحال کے پیش نظر ہفتے کو دوسرے روز بھی جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کو کشمیر کے لئے روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ہفتے کو بھی یاتری بھگوتی نگر بیس کیمپ پر ہی رکے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے یاتریوں کے قافلے کو ہفتے کے روز بھی کشمیر روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قبل ازیں جمعہ کو بھی بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے قافلے کو کشمیر روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
ادھر، محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 9 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ 62 دنوں پر محیط یہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوئی تھی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک قریب ایک لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا میں شیو لنگم کے درشن کیے ہیں۔ گزشتہ روز موسمی صورتحال کے پیش نظر یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا اور وسطی کشمیر کے بالتل اور جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقوں سے پوترا گپھا جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ پہلگام کے ننہ وَن بیس کیمپ سمیت بالتل میں بھی یاتری موسم کی بہتری کے منتظر ہیں۔