جموں (جموں و کشمیر) :شری امر ناتھ یاترا کے لئے بھگوتی نگر بیس کیمپ، جموں سے پیر کی صبح قریب 5 ہزار یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پیر کی صبح 4 ہزار 7 سو 58 یاتریوں پر مشتمل چوتھا قافلہ سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں سے 3 ہزار 30 یاتری پہلگام بیس کیمپ جبکہ 1 ہزار 7 سو 28 یاتری بالتل بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق چوتھے قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اب تک 17 ہزار 5 سو 65 یاتری کشمیر کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 30 جون کو قریب چار ہزار یاتریوں کو جھنڈی دکھا کر یاترا کے لئے روانہ کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ یکم جولائی سے شروع ہوئی یہ یاترا 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ جموں و کشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کئے ہیں۔