جموں:امرناتھ یاترا کے لئے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کا ایک اور قافلہ ’’بم بم بھولے‘‘ کے نعروں کے بیچ کشمیر کی طرف روانہ ہونے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پیر کی صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 6 ہزار 2 سو 16 یاتریوں پر مشتمل امرناتھ یاتریوں کا پندرہواں جھتا کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ یاتریوں کا یہ جھتا 225 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ گاندربل کے بالتل اور اننت ناگ کے ننون، پہلگام بیس کمیپوں کے لیے روانہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بالتل بیس کیمپ کے لئے 3 ہزار 52 یاتری روانہ ہوئے جن میں 1 ہزار 8 سو 18 مرد، 1 ہزار 2 سو 24 خواتین اور 10 بچے شامل تھے۔ جبکہ ننون پہلگام بیس کیمپ کے لئے 3 ہزار 1 سو 64 یاتری روانہ ہوئے جن میں 2 ہزار 3 سو 86 مرد، 6 سو 47 خواتین، 6 بچے، 78 سادھو اور 21 سادھویں شامل تھیں۔