جموں :امرناتھ یاترا 2023 کے لیے ہیلی کاپٹر سروسز کی آن لائن بکنگ شروع ہو گئی ہے۔ یہ سروس سرینگر، بال تل اور پہلگام سے مقدس گپھا تک دستیاب ہوگی۔ اس سروس کے متعارف ہونے سے معمر یا جسمانی طور معذور عقیدت مندوں کو کافی حد تک راحت ملے گی، اس کے علاوہ وہ افراد جن کے پاس وقت بہت کم ہے بھی اس سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس بار آن لائن ہیلی کاپٹر بکنگ سروس دیر سے شروع ہو رہی ہے۔
عقیدت مندوں کے لیے راحت کی بات ہے کہ امرناتھ شرائن بورڈ نے ہیلی کاپٹر ٹکٹوں کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا ہے، ٹکٹیں گزشتہ برس کے نرخوں پر ہی دستیاب ہوں گی۔ ہیلی کاپٹر کی بکنگ تسلیم شدہ ایجنٹس اور امرناتھ شرائن بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے ہی انجام دی جائے گی۔ شرائن بورڈ کے مطابق بال تل روٹ کے لیے گلوبل ویکٹرا ہیلی کراپ لمیٹڈ اور ایرو ایئر کرافٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی خدمات لی جا رہی ہیں۔ اس میں ون وے کے لیے ہر مسافر سے 2800 روپے اور دونوں راستوں کے لیے 5600 روپے فی کس وصول کیے جائیں گے۔ اسی طرح پہلگام کے راستے کے لیے ہیریٹیج ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی خدمات لی جا رہی ہیں۔ اس میں ایک مسافر سے یک طرفہ سروس کے لیے 4200 روپے اور دونوں راستوں کے لیے 8400 روپے وصول کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ آپریٹر ایم ایس پون ہنس لمیٹڈ کی خدمات سری نگر سے مقدس گپھا تک لی جائیں گی۔ اس میں سری نگر-پہلگام-سرینگر روٹ کے لیے 10800 روپے اور سری نگر-نیل گراتھ-سری نگر روٹ کے لیے 11700 روپے کا کرایہ لیا جائے گا۔