جموں:جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے صدرا بائے پاس راستے سے گزر رہے 200 بھیڑیں اور بکریوں میں اس وقت متعدد بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں جب ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں کچل ڈالا۔ یہ حادثہ جمعہ کی رات صدرا ماہو مندر کے قریب پیش آیا۔ بھیڑوں کے رکھوالے بھیڑ بکریوں کو اس راستے سے کشمیر لے جارہا تھا۔ جمعہ کی صبح حادثے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ ریونیو کی ٹیم اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ تاہم مویشیوں کے مالکان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی طرح کی مدد نہیں کی گئی۔
پولیس سے موصولہ معلومات کے مطابق ایک تیز رفتار ٹپر گاڑی نے سڑک پر جارہے بھیڑ بکریوں کے ایک جھنڈ کو کچل ڈالا ۔اس دوران متعدد بکریاں اور بھیڑ ہلاک ہوگئے۔محمد اختر نامی شہری نے بتایا کہ موسم گرما شروع ہونے کے ساتھ ہی بھیڑ بکریوں کو کشمیر کی طرف لیجانے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعے کی صبح سدھرا کے مقام پر جب وہ کشمیر کی طرف جارہے تھے تو تیز رفتار گاڑی نے تقریباً25بھیڑ بکریوں کو ٹکر ماری جس وجہ سے اُن کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔