سانبہ (جموں و کشمیر):سانبہ پولیس نے مویشیوں کی اسمگلنگ کے الزام میں گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 5 ٹرک قبضے میں لے کر کُل 54 مویشیوں کو ’آزاد‘ کرایا گیا۔ جموں و کشمیر پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے اسمگلر آر ایس پورہ، سوچیت گڑھ، جموں، اننت ناگ، پنجاب، کٹھوعہ، بانہال، ادھم پور، سانبہ میں پیشہ ور اسمگلر ہیں۔ پولیس بیان کے مطابق وہ (حراست میں لئے گئے افراد) پولیس کو چکمہ دینے کے لیے مختلف راستوں اور طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے جموں، کٹھوعہ اور سانبہ کے مختلف علاقوں سے وادی کشمیر کی طرف اسمگلنگ انجام دیتے تھے۔
ایس ایس پی سانبہ نے اسمگلروں کی شناخت سہیل احمد ساکنہ بانہال، رام بن۔ محمد ریاض ساکنہ سانبہ، ارشاد احمد ساکنہ لارنو، اننت ناگ۔ لیاقت علی ساکنہ سچیت گڑھ، جموں۔ آصف علی چوپان ساکنہ اننت ناگ (موجودہ کرمچی ادھم پور)۔ انور حسین ساکنہ آر ایس پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سلیمہ ساکنہ کٹھوعہ (حال سانبہ)، وینا ساکنہ کٹھوعہ (حال سانبہ)۔ محمد ویر ساکنہ نواں شہر پنجاب (حال سنکھل ڈنگہ، امب کٹھوعہ)۔ طالب حسین ساکن لارنو، اننت ناگ اور یاسر علی ساکن لارنو، اننت ناگ بھی شامل ہیں۔ حراست میں لیے گئے سبھی افراد کے خلاف دو پولیس اسٹیشنز میں سات الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔