اردو

urdu

By

Published : Sep 27, 2019, 8:03 PM IST

Updated : Oct 2, 2019, 6:25 AM IST

ETV Bharat / state

سیاحت کے عالمی دن پر جنت نظیر کشمیر ویران

سیر و سیاحت کیلئے دنیا بھر میں مشہور جنت نظیر وادیٔ کشمیر آج سیاحت کے عالمی دن پر سیاحوں کی چہل پہل سے خالی ہے، سبھی سیاحتی مقامات ویران پڑے ہیں اور سیاحتی صنعت سے وابستہ ہزاروں لوگ مستقبل کے حوالے سے اندیشوں کا شکار ہیں۔

عالمی یوم سیاحت پر وادی کشمیر ویران


دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن صدیوں سے سیاحت کے شوقین لوگوں کی اولین پسند، یعنی وادیٔ کشمیر میں قبرستان جیسی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ یوں تو وادی کشمیر کا کونہ کونہ خوبصورت اور دلفریب ہے، مگر کئی ایسے سیاحتی اور دلفریب مقامات خاص طور پر مشہور ہیں جو ہر وقت سیاحوں کی توجہ کا خصوصی مرکز بنے رہتے ہیں۔

سیاحت کے عالمی دن پر جنت نظیر کشمیر ویران

عالمی یوم سیاحت پر آج کشمیر میں کوئی تقریب منعقد نہیں ہوئی۔ ڈل جھیل، مغل باغات، پہلگام اور گلمرگ سمیت سبھی سیاحتی مقامات سنسان نظر آ رہے ہیں جس کے باعث اس شعبے سے منسلک افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔

پانچ اگست سے قبل وادی کی مشہور و معروف ڈل جھیل میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی چہل پہل سے یہاں کے نظارے مزید پُررونق ہو گئے تھے تاہم آج یہاں ہر جگہ سناٹے کی حکمرانی ہے۔

سیاحتی صنعت پر زوال کا مہیب سایہ ریاست کا خصوصی آئینی درجہ ختم ہونے کے ساتھ ہی پڑنے لگا۔

حکومت نے کشمیر کا خصوصی آئینی درجہ ختم کرنے سے قبل ہی سبھی سیاحوں کو کشمیر چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔ یہاں تک کہ انہیں کشمیر چھوڑنے کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ بھی مہیا کیا گیا۔
سیاحتی مقامات پر ویرانی کے سبب سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کی روزی روٹی پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں موسم خزاں بھی سیاحوں کے لیے باعث کشش ہوتا ہے۔ اس موسم میں چنار کے درختوں سے گرتے ہوئے سنہرے پتوں کا دلفریب منظر ہزاروں سیاحوں کو وادی کا رخ کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ آج بھی یہ نظارے دعوت دے رہے ہیں لیکن ان سے لطف اندوز ہونے والے قدر شناس کشمیر کا رخ نہیں کرسکتے کیونکہ وہاں بندشوں اور قدغنوں کا نظام رائج ہے اور مواصلات پر پابندی عائد ہے۔

عالمی سیاحتی دن منانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ سیاحت کو لوگوں کی اقتصادی حالت بنانے کیلئے کس طرح ایک مؤثر ذریعہ کے طور استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن کشمیر کے موجودہ حالات کی وجہ سے سیاحتی صنعت سے وابستہ ہزاروں افراد روزگار چھن جانے کی کگار پر ہیں۔

Last Updated : Oct 2, 2019, 6:25 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details