اگرچہ سیب تیار ہونے کا موسم عروج پر ہے تاہم نامساعد حالات کے چلتے اکثر و بیشتر علاقوں میں سیب اتارنے کا کام بند پڑا ہے جس کے سبب نہ صرف میوہ کاشتکار بلکہ اس کی پیکنگ (بھرائی) کے لیے درکار دیگر ضروری ساز و سامان فروخت کرنے والے افراد کا روزگار بھی متاثر ہوا ہے جن میں خاص کر پیٹیاں تیار کرنے والے افراد شامل ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے لکڑی کی پیٹیاں (Boxes)تیار کرنے والے کارخانہ مالکان نے کہا کہ' نامساعد حالات کی وجہ سے پیٹیوں کی مانگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں پیٹیوں کی مانگ میں کافی اضافہ ہوتا تھا تاہم نامساعد حالات کی وجہ سے رواں برس پیٹیوں کی مانگ میں تقریبا تین گنا کمی واقع ہوئی ہے۔'
ان کا کہنا ہے کہ' پیشگی رقم ادا کرنے والے کاشتکار بھی فی الوقت اپنی پیٹیاں لے جانے سے منع کر رہے ہیں۔'
کارخانہ مالکان کا کہنا ہے کہ' انہوں نے پیٹیاں تیار کرنے کے لیے معمول کی مانگ کے مطابق مواد (Material) خرید لیا ہے تاہم مانگ میں کمی آنے کی وجہ سے وہ پیٹیاں تیار کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے انہیں مالی نقصان کا خدشہ لاحق ہے۔'