ترال:مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے سب ضلع ترال (پلوامہ) میں گزشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جا ری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ کھانڈے محلہ املر ترال میں بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہوا جسکی وجہ سے لوگ زبردست پریشان ہوگئے ہیں۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ دراصل یہاں ایک آبپاشی کوہل پر بعض حریص عناصر نے قبضہ جما دیا ہے اور چودہ فٹ نہر سمٹ کر محض تین فٹ رہ گئی ہے جسکی وجہ سے پانی کی نکاسی نہیں ہو رہی ہے اور یہ پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو عبور ومرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ لوگ گھروں کے اندر ہی محصور ہو کر رہ گے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے الزام عاید کیا کہ انتظامیہ کو بار بار مطلع کرنے کے باوجود انہوں نے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس سے ہماری پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب محلے کا برا حال ہو گیا ہے۔