سری نگر میں غربت سے پریشان لوگوں کی امداد کے لیے پولیس ہیڈ کوارٹر پر ایک کیمپ لگایا گیا ہے۔جس کے ذریعے مخیر حضرات گرم ملبوسات ، راشن، جوتے، کمبل، دودھ، بچوں کے لیے کتابیں،کاپیاں اور دیگر ضروری اشیاء عطیہ کر کے چھوڑ جاتے ہیں اور پھر مستحق اپنی ضرورت اور پسند کے مطابق یہاں سے چیزیں لے جاتے ہیں۔
خدمت خلق اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار ڈپٹی ایس پی ٹریفک عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اس دیوار مہربانی کو سجانے کی پہل کی گئی ہے ۔ جہاں ایک جانب اس بہتر کوشش سے ضرورت مند افراد مستفید ہورہے ہیں وہیں اٹھائیے گئے اس اقدام کی ہر طرح سے پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔
غریبوں کی مدد کی غرض سے شروع کئے گئے اس اقدام سے مستحق بغیر ہاتھ پھیلائے اپنی ضرورت کی چیزیں حاصل کرسکتے ہیں۔
اس طرح کی مثبت پہل کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں سے کوئی چیز لینے والے کو چیز دینے والے کے بارے میں کوئی علم نہیں ہوتا ہے۔اس دیوار مہربانی کی دیکھ ریکھ کرنے والے ایک نوجوان کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس طرح کے اقدام اٹھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ سردی کے ان ایام کے دوران غریبی اور مالی تنگی سے جوج رہے لوگوں کی کسی حد تک مدد کی جاسکے۔