جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان اور ڈی ڈی سی الیکشن انچارج شاہنواز حسین کی ریلی کے مقام کے قریب گرینیڈ دھماکے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
سرکاری عہدیداروں کے مطابق عسکریت پسندوں نے بجبہاڑہ اسپتال کے قریب تعینات سکیورٹی فورسز پر دستی بم پھینکا جو بی جے پی کے جلسے کے لیے پنڈال سے محض دو کلومیٹر دور واقع ہے۔
سی آر پی ایف کے ترجمان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ دوپہر کے قریب ساڑھے بارہ بجے عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ اسے علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔