بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے شیخ العاعلم ہال میں ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان کے تحت ٹریننگ کم اورینٹیشن پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے جوش خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور معیاری فصل کی پیدوار سے متعلق بیداری پیدا کرنا ہے۔ بڈگام ضلع کے ڈی سی ایس ایف حامد نے کہا کہ زراعت اور اس سے متعلقہ شعبوں سے متعلق تمام اسکیمیوں کو عام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سے بھی بڑی بات یہ ہے کہ لوگوں کو اس سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکیم کے فوائد ضلع بھر کے تمام مستحق کسانوں تک پہنچنے چاہئیں۔ نئے ابھرتے ہوئے کسانوں کو تربیت فراہم کرنا ضلع انتظامیہ کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈی سی نے مزید کہاکہ ہمیں پائیدار نقطہ نظر کے ساتھ زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ پائیدار زراعت کسانوں کو اختراعی ہونے میں مدد دیتی ہے۔ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ری سائیکلنگ کے طریقوں کو بھی استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔نوڈل افسران کو بلاک سطح پر مجموعی تال میل اور کسانوں کو تربیت فراہم کرنے کے لئے نامزد کیا جائے گا۔ اس موقعے پر ڈاکٹر دل محمد مخدومی، ڈائریکٹر ایکسٹینشن، سکاسٹ کشمیر بھی موجود تھے۔