جموں:جموں و کشمیر کے مشہور ’باوے والی ماتا‘ مندر کی انتظامیہ نے عقیدت مندوں کے لئے ڈریس کوڈ متعارف کرایا ہے جس میں زائرین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مہذب لباس پہنیں، اپنے سر ڈھانپیں اور احاطے میں شارٹس، منی اسکرٹس، پھٹی ہوئی جینز اور کیپری پینٹ پہننے سے گریز کریں۔ یہ ڈریس کوڈ، جموں شہر میں اپنی نوعیت کا پہلا ایسا ضابطہ ہوگا جو مندر کا درشن کرنے کے لئے لازمی قرار دیا گیا۔ جموں کے باہو فورٹ علاقے میں واقع مشہور کالی مندر کے دروازے کے قریب ایک نوٹس اس بارے میں پوسٹ کی گئی ہیں۔
ہندی میں لکھے گئے نوٹس کے مطابق، انتظامیہ کا مقصد مندر کے تقدس کو برقرار رکھنا ہے اور ڈریس کوڈ پر عمل کرنے میں عقیدت مندوں سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ مندر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشورہ ہے۔ مندر میں آنے والے تمام عقیدت مندوں سے گزارش ہے کہ وہ نظم و ضبط پر عمل کریں۔