سوپور قصبہ کے سیلو گاؤں میں سڑک کافی خستہ حالی کا شکار ہے۔ مقامی شہریوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 30 برس قبل اس سڑک کی تعمیر کی گئی تھی تاہم اب تک اس کی مرمت نہیں کی گئی۔ سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور پانی جمع ہونے کے سبب مقامی افراد کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی شہریوں نے مزید کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں اور معمولی بارش کے بعد سڑک پر چلنا مشکل ہوجاتا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ یہ سڑک تین اضلاع بارہمولہ، بانڈی پورہ، اور کپواڑہ کو جوڑتی ہے تاہم اسے کافی اہمیت حاصل ہے۔ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے 20 منٹ کے سفر کےلیے 2 گھنٹے سے زائد وقت لگ جاتا ہے۔