شوپیاں: سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع - ضلع شوپیان میں حالیہ شدید برفباری
جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔
ضلع شوپیان میں حالیہ شدید برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر کئی فیٹ برف جمع ہوگئی تھی جس کی وجہ سے عام لوگوں اور گاڑیوں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور قصبہ میں ٹریفک جام ہوتا تھا۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ شوپیان نے محکمہ آر اینڈ بی کو سڑکوں سے برف ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ آر اینڈ بی نے مشینری لگا کر قصبہ شوپیان میں سڑکوں سے برف کو ہٹانے کا کام زوروں سے شروع کیا ہے۔
ادھر مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کی اس کوشش کی سراہنا کی ہے۔
اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر شوپیان چودھری محمد یاسین نے بتایا کہ سڑکوں پر جمع برف کو ہم نے ہٹایا ہے تاکہ ٹریفک کی آمد رفت میں کوئی خلل نہ ہو اسکے علاوہ انہوں نے یہ احکامات صادر کئے ہیں کہ قصبہ کی سڑکوں پر بنی دکانیں اور مکانات کے چھتوں پر 'اسنو سٹاپر' لگائے جائیں۔