جموں و کشمیر میں گزشتہ رات سے کورونا سے چھ مزید اموات ہوئی ہیں جس سے جموں و کشمیر میں اس وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد 341 ہوگئی۔
ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے ایک سینئیر ڈاکٹر نے بتایا کہ آج صبح یہاں دو افراد کا کورونا سے انتقال ہوگیا اور ان میں بڈگام کی ایک 52 سالہ خاتون اور وزیرباغ سرینگر کا ایک 75 سالہ شخص شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں
انہوں نے کہا کہ 'دونوں مریض کمیونٹی ایکوائرڈ نمونیہ میں مبتلا تھے۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ بڈگام کے مریض کو 23 جولائی اور سرینگر کے مریض کو 27 جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
اب تک کووڈ 19 کی وجہ سے کشمیر میں 316 اور جموں میں 25 اموات ہوئی ہیں۔
اس سے قبل اننت ناگ کے مٹن علاقے کی ایک 65 سالہ خاتون آج صبح سکمز صورہ میں فوت ہوگئی۔ سکمز کے ایک سینئیر ڈاکٹر نے بتایا کہ ' وہ نمونیہ اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا تھیں۔'
سرینگر ضلع میں 101 اموات کے ساتھ سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں، اس کے بعد بارہمولہ (65)، کولگام (27)، بڈگام (25)، اننت ناگ (23)، شوپیاں (20)، کپواڑہ (20)، پلوامہ (19)، جموں (16)، بانڈی پورہ (10)، گاندربل (6)، راجوری اور ڈوڈہ میں دو اور رامبن، پونچھ، ادھمپور اور کٹھوعہ میں ایک ایک موت ہو چکی ہے۔