سرینگر:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کی گرمائی راجدہانی سرینگر میں گذشتہ روز بدھ کو سکھ مذہب کے چھٹے گورو ہر گوبند دیو جی کا 355 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ وادی میں بدھ کی صبح سخت گرمی کے باوجود سکھ برادری کے لوگوں نے نئے کپڑے زیب تن کر کے مذہبی پروگرامز میں شرکت کی۔ اس موقعے پر گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔
سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہے۔ سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے بدھ کی صبح سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کیا۔ اس موقعے پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔