جموں و کشمیر کے سینئیر ترین علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کو پاکستان کے ایوان بالا نے اعلیٰ شہری ایوارڈ ' نشانِ پاکستان' سے نوازنے کے لیے قرارداد منظور کی ہے۔ تاہم عمران خان کی قیادت والی حکومت کی جانب سے ابھی تک ایوارڈ دینے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ایوان بالا "سنیٹ" میں سوموار کو صوبہ خیبر پختونخوا کے سیںیٹر مشتاق احمد خان نے گیلانی کو نشانِ پاکستان سے نوازنے سے متعلق قراد داد پش کی جس کو ایوان نے منظور کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں
مشتاق احمد خان خیبر پختونخوا کے جماعت اسلامی کے امیر بھی ہیں۔ قراداد میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ زیر تعمیر پاکستان انجینئر اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے سید علی شاہ گیلانی کے نام سے منسوب کیا جائے۔
اس قراداد کی تصدیق کرتے ہوئے گیلانی کے نمائندے عبداللہ گیلانی نے کہا کہ پاکستانی سینیٹ کے ذریعہ منظور کردہ قراداد کے متعلق خبریں صحیح ہیں اور توقع ہے کہ حکومت پاکستان سید علی گیلانی کو اس اعلیٰ شہری ایوارڈ سے نوازے گی۔
قابل ذکر ہے کہ گیلانی نے کشمیر میں علیحدگی پسند سیاست کی نمائندگی گزشتہ تین دہائیوں سے کی ہے۔ گیلانی، جو گزشتہ ایک دہائی سے سرینگر کے حیدرپورہ واقع رہائش گاہ میں نظر بند ہیں، نے گزشتہ ماہ حریت کانفرنس (گ) سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی و عوامی حلقوں کو حیران کردیا تھا۔