ڈوگرہ سبھا کے صدر و سابق وزیر گلچین سنگھ چاڑک نے سبھا بھون میں منگل کے روز میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بے زبان پرندوں کے لیے گھروں میں چھتوں، صحنوں اور باغیچوں میں پیالوں میں پانی رکھنا ہمیں بزرگ سکھایا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا: 'یہ آج کے زمانے میں نیا ہے لیکن اصلیت یہ ہے کہ یہ ڈوگروں کا ایک حصہ ہے۔ ہمارے بزرگ ہمیں سکھایا کرتے تھے کہ ان پرندوں، جو بول نہیں سکتے ہیں ان کے لیے گھروں میں چھتوں پر، صحنوں اور باغیچوں میں پیالوں میں پانی رکھا جانا چاہئے تاکہ یہ پیاس سے مر نہ جائیں'۔
موصوف صدر نے کہا کہ آج جب کنویں، تالاب اور پانی کے دوسرے ذخائر سوکھ گئے ہیں جس کی وجہ سے یہ پرندے تڑپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں کالجوں اور اسکولوں کے ہزاروں طلبا، نمبر دار، چوکیدار اور سبھا کے سینکڑوں لوگ شرکت کرتے تھے لیکن امسال کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا اور اسی لئے آج ہم یہاں کچھ چیدہ چیدہ سبھا اراکین اور کچھ ممتاز شہری ہی جمع ہوئے ہیں۔
موصوف صدر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سبھا کے دفتر سے مٹی کے پیالے حاصل کر کے اپنے اپنے گھروں میں چھتوں پر، صحنوں اور باغیچوں میں پانی کے پیالے رکھیں اور صبح کے وقت اپنے ناشتے سے پہلے ان پر پانی ڈالیں تاکہ پرندے شدت کی گرمی میں پیاس کی وجہ سے مر نہ جائیں۔