پلوامہ: وادی کشمیر کو قدرت نے آبی ذخائر سے مالا مال کیا ہے اور یہ ذخائر زمانہ قدیم سے یہاں آرہے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لاتے ہیں۔ تاہم لائف اسٹائل میں تبدیلی آنے اور گلوبل وارمنگ کے بعد وادی کشمیر کے آبی ذخائر بھی رفتہ رفتہ کمزور پڑ رہے ہیں۔ جس پر ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان سب کے بیچ وادی کشمیر میں ایک ایسا چراغ بھی نمودار ہو گیا ہے جو تاریک راہوں پر قندیل دکھا کر قوم کو جگانے کا کام کر رہا ہے۔
وادی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال سے تعلق رکھنے والے روحیل مقبول شیخ وادی میں آبی ذخائر کو بچانے اور اس حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ جسکی وجہ سے جہاں سماجی حلقوں کی طرف سے ستائش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وہیں سرکاری سطح پر بھی، اس پُر عزم نوجوان کی پزیرائ ہو رہی ہے۔ حال ہی میں نئ دہلی میں منعقد ایک شاندار تقریب میں روحیل کو جل پرہری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ جس پر روحیل کے ساتھ ساتھ ان کے والدین نے بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترال کے اس نوجوان نے ملکی سطح پر کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں روحیل نے بتایا کہ نئ دہلی میں منعقدہ جل آتم نربھر بھارت کی تقریب کے دوران انہیں واٹر ہیرو آف کشمیر قرار دیا گیا، اس تقریب کا اہتمام جل شکتی وزارت حکومت ہند کی جانب سے کیا گیا تھا۔