منڈی:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک لورن میں رہبر تعلیم اساتذہ فورم کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع صدر حمید نباض سمیت مختلف سکولوں کے اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقعے پر پریس کانفرنس کے دوران مڈ ڈے میل کے لیے واگزار کی جانے والی رقومات، ضلع بھر کے متعدد سرکار تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی، میوچول ٹرانسفر و دیگر اساتذہ کو درپیش مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔
اس حوالے سے رہبر تعلیم اساتذہ فورم پونچھ کے ضلع صدر حمید نباض و دیگران سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے ساتھ ساتھ تحصیل منڈی کے مختلف سکولوں کے مڈ ڈے میل انچارج اساتذہ کو بھی بروقت پیسے نہ ملنے کی وجہ سے سخت پریشان ہوچکے ہیں۔کیونکہ اساتذہ نے دکانداروں سے مڈ ڈے میل کے لیے ادھار لیا ہوا ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ سات ماہ ہوچکے ہیں۔ انہیں مڈ ڈے میل کے لیے پیسے واگزار نہیں کیے گیے ہیں جس کے سبب آئے روز اساتذہ کو بازار میں دکانداروں سے گالیاں سنی پڑتی ہیں۔