دور رس نتائج کے ایک بڑے فیصلے کے تحت مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کے لئے نئی صنعتی ترقی اسکیم کو منظور کیا ہے جس سے جموں و کشمیر میں معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ سرکاری نوکریوں پر انحصار کے بجائے خود روزگار کمایا جاسکے۔
وہیں اس نئی صنعتی پالیسی کا مقصد پیداواری اور خدمات شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کرنا ہے۔ اس نئی پالیسی کی رو سے مصنوعات کی تیاری کے یونٹوں، مشینری اور دیگر پائیداری اثاثوں کو تعمیر کے لیے زون اے میں 30 فیصد جبکہ زون بی میں 50 فیصد کی رعایت فراہم کی جائے گی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شیخ عاشق سے نئی صنعتی پالیسی کے حوالے سے ان کی آراء جاننا چاہا تو انہوں نے کہا کہ 'جموں و کشمیر میں نئی صنعتی اسکیم کی منظوری ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے بلکہ یہاں کے نوجوانوں کو اپنے چھوٹے بڑے صنعتی یونٹ قائم کرنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔'