جموں:22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر افتتاحی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے جموں شہر میں تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جموں کشمیر دھرمارتھ ٹرسٹ کی طرف سے ایک بڑے پروگرام کا اہتمام رگھوناتھ مندر میں کیا جارہا ہے، جبکہ شہر کے مختلف مذہبی مقامات جیسے باوے والی ماتا مندر، شیو مندر وغیرہ پر عظیم الشان تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سے قبل مندروں میں صفائی مہم بھی زوروشور سے چلائی جا رہی ہے۔ جموں کشمیر درمات ٹرسٹ نے لوگوں سے اس دن کو دیوالی کی طرح منانے کی اپیل کی ہے۔
جموں کشمیر دھرمارتھ ٹرسٹ کے صدر برگیڈیئر آر ایس لہنگ نے اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں شہر کے مشہور رگھوناتھ مندر میں ایک عظیم الشان چار روزہ تہوار کا اہتمام کیا جائے گا۔ ساتھ ہی 22 تاریخ کو ثقافتی اور موسیقی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جس میں سونالی ڈوگرا، روی رگھوونشی، رمن سلاتھیا، نربھے سلاتھیا اور وشال گپتا جیسے گلوکار رگھوناتھ مندر میں اپنی مدھر آوازوں سے عقیدت مندوں کو مسحور کریں گے۔