جموں و کشمیر کے مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر بھارت اور چین کے مابین گزشتہ ایک مہینہ سے زیادہ وقت سے جاری تعطل کے درمیان وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج یہاں چیف آف ڈیفینس اسٹاف جنرل بپن راوت کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔
فوجی تعطل کو دور کرنے کے اقدامات پر بات چیت کے لیے دونوں افواج کے درمیان سنیچر کو چین کی مولڈو سرحدی چوکی پر ہوئی لیفٹیننٹ جنرل سطح کی بات چیت کے بعد آج مسٹر سنگھ نے اپنی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ میں جنرل راوت سے مکمل معلومات حاصل کیں اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
مشرقی لداخ میں بھارت اور چین کے مابین جاری تنازع کے پیش نظر وزیر دفاع نے جنرل بپن راوت کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا سنیچر کو ہوئی میٹنگ کے بعد ذرائع نے کہا تھا کہ فوج کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے حکومت کی چین کے ساتھ ہوئی بات چیت کے بارے میں تفصیلی معلومات دی جائے گی اور اس کے بعد آگے کے منصوبہ پر کام کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ نے اتوار کو کہا تھا کہ اس میٹنگ میں دونوں فریقین نے اس معاملہ کو مختلف دوطرفہ معاہدوں سے پرامن طریقہ سے حل کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
وزارت کے بیان میں یہ بھی اشارہ دیا گیا کہ اس معاملہ کے حل کا فارمولہ ابھی نہیں بن سکا ہے اور اس کے لیے دونوں فریقین کے مابین سفارتی اور فوجی سطح پر بات چیت جاری رہے گی۔