اردو

urdu

ETV Bharat / state

عمر اور محبوبہ کو گھروں میں منتقل کرنے کی پیشکش نہیں کی: گورنر

جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے دو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو عارضی جیل سے انکی رہائش گاہوں میں منتقل کرنے کی مشروط پیشکش کی ہے۔

عمر اور محبوبہ کو گھروں میں منتقل کرنے کی پیشکش نہیں کی: گورنر

By

Published : Aug 27, 2019, 6:40 PM IST

Updated : Sep 28, 2019, 12:05 PM IST


اخباری اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گورنر نے دو محبوس لیڈروں کو اس شرط پر انکی رہائش گاہوں میں منقتل کرنے کی پیشکش کی ہے کہ وہ دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست کی تقسیم کاری کے مرکزی حکومت کے حالیہ اقدامات پر کوئی رائے زنی نہیں کریں گے۔

راج بھون کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ گورنر سے منسوب یہ خبریں مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے۔بیان کے مطابق گورنر ملک کا تعلق کسی بھی شخص کی نظر بندی یا رہائی کے معاملات کے ساتھ نہیں ہے اور اس طرح کے فیصلے مقامی پولیس اور انتظامیہ ہی لیتی ہے۔ بیان کے مطابق گورنر کا ان رہنماؤں کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔جموں و کشمیر راج بھون نے ایسی غلط اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی اشاعت کی مذمت کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کی 4 اور 5 اگست کی درمیانی شب عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور سجاد لون سمیت کئی ہند نواز سیاسی رہنما گرفتار کیے گئے تھے۔ان رہنماؤں کو پہلے اپنی رہائش گاہوں میں نظر بند کردیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں سنطور ہوٹل میں منتقل کیا گیا جسے اب سرکاری طور جیل کا درجہ دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور سرینگر کے پارلیمنٹ ممبر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اپنی رہائش گاہ میں نظر بند ہیں۔

وادیٔ کشمیر میں آج 23 ویں روز بھی بندشیوں اور قدغنوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عام زندگی بری طرح سے متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔

Last Updated : Sep 28, 2019, 12:05 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details