پونچھ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کی پنچایت شیندرہ میں 39 راشٹریہ رائفل کی جانب سے فوج اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے مقصد سے عوامی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔اس میٹنگ میں مقامی باشندوں سے معاشرے کے مین اسٹریم سے جڑنے کی اپیل کی گئی۔ غور طلب ہے کہ فوج کی 39 راشٹریہ رائفل کے کمپنی کمانڈر میجر روہت کی زیر نگرانی میں یہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا اہم مقصد فوج اور عوام کے درمیان تال میل اور تعلقات کو مضبوط کرنا تھا۔ دوران میٹنگ مقررین کی جانب سے متعدد عوامی مسائل اجاگر کیے گیے۔ جس میں سڑک, پانی, و نوجوانوں کے لیے کھیل کود کا سامان سرفہرست رہے۔
مقررین نے کہا کہ فوج جہاں سرحدوں پر دن رات اپنی خدمات انجام دیکر ملک اور یہاں کی عوام کی حفاظت کو یقینی بناتی ہے۔ وہیں پر عوام کے ساتھ بہتر تعلقات بنائے رکھنے کے لئے بھی گاہ بگاہ ملاقاتیں, پروگرام, میٹنگوں کے ذریعہ عوام کا دل جیتنے میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بھی ہمیشہ اپنے ملک کی بقا اور سالمیت کے لئے اپنی قربانیاں پیش کیں ہیں اور ہر ایک موقع پر فوج کا ساتھ دیکر فوج کی حوصلہ اور ہمت افزائی کی ہے۔ اس دوران سرپنچ سید وجاہت بخاری, و نائیب سرپنچ نظیر حسین و دیگران نے فوج کے اس قدام کی سرہانہ کرتے ہوئے کہا کہ قریب اٹھارہ سال کے بعد پنچائیت شیندرہ میں فوج کے زیر اہتمام میٹنگ کا انعقاد ہوا ہے جو قابلِ ستائیش ہے۔