منڈی: مرکز کے زیر انتظام یو ٹی جموں و کشمیر کے ضلع کے مینڈھر، منڈی اور سورنکوٹ میں شراب کی دکانیں کھولنے کے خلاف مقامی باشندوں نے احتجاج کرتے ہوئے شراب کی تمام دکانوں کو جلد سے جلد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ پونچھ نگر کے مقامی باشندوں نے بھی شہر میں چل رہی شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح شراب کی دکانیں چلنے سے معاشرے میں برائی پھیل رہی ہے۔ انتظامیہ کو اس سلسلے میں جلد سے جلد کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔
دیر شام شہر میں چندر موہن شرما، نریش پھول، بھوشن بھلا، سنجیو کمار اور جگل کشور کی قیادت میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ ضلع کے منڈی، مینڈھر اور سورنکوٹ میں شراب کی دکانیں کھولنے کے خلاف کچھ دنوں سے لوگ احتجاج اور پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔شراب دکانوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے سماج کو برائیوں سے بچانے کا جو کام شروع کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔