بڈگام:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں کشمیر کے ضلع نڈگام میں محرم الحرام کی تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔اسی درمیان ایس ایس پی بڈگام الطاہر گیلانی کی قیادت میں ہونے والی میٹنگ میں شیعہ برادری کے کئی معزز اراکین کی موجودگی دیکھی گئی۔
ایس ایس پی بڈگام نے شرکاء کو اپنے اپنے علاقوں میں محرم کے جلوسوں کے دوران درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنائے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں ایک جامع بریفنگ فراہم کی اور محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس اس مذہبی تقریب کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور مقدس مہینے کے دوران ایک محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ مزید کہا کہ بڈگام پولیس عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ان ایام میں ماتمی جلوسوں کی ہمواری کو یقینی بنانے کے لیے جامع حفاظتی انتظامات وضع کیے گئے ہیں۔