جموں میں مسلسل بارش کے سبب عام زندگی مفلوج جموں: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے جموں سمیت دیگر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں اگلے تین دنوں تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ یعنی 23 جولائی تک جموں و کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ آج جموں کے کچھ علاقوں میں موسلادھار سے بہت زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاسی کٹرہ میں گزشتہ روز کئی سالوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ کل وہاں بہت بارش ہوئی۔ ساتھ ہی ادھم پور میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اہلکار نے لوگوں سے بھی الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو پہاڑی علاقوں کی طرف رہتے ہیں یا وہ لوگ جو دریاؤں اور نالوں کے قرب رہتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بتا دیں کہ جموں کٹھوعہ میں گزشتہ روز مٹی کے تودے گرنے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی تھی۔ جموں کے کٹھوعہ کی تحصیل بنی میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا۔ مرنے والے تمام افراد کا تعلق تین ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Traffic Diverted in Jammu سیلابی صورتحال کے مدنظرجموں پٹھانکوٹ ہائی وے پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا
جموں سری نگر قومی شاہراہ رامبن اور بانہال کے درمیان راستے پر پہاڑوں سے مٹی کے تودے گرنے اور چٹانیں گرنے کی وجہ سے چھ گھنٹے سے زیادہ بند رہی۔ اس کے ساتھ ہی ہیرا نگر علاقے میں دیالچک اور چڈوال کے درمیان ترنا نالے پر پل میں شگاف پڑنے سے جموں-پٹھانکوٹ شاہراہ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔