منڈی: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل کمپلیکس منڈی کے باہر تعمیر شدہ بیت الخلاء کی بدترین حالت لوگوں کے لیے پریشانیوں کا سبب بنی ہوئی ہے۔ مقامی باشندوں نے اس کے خلاف احتجاج کیا اور انتظامیہ سے اس پریشانی کو جلد سے جلد دور کرنے کی بھی بات کہی۔ یاد رہے کہ گذشتہ چند برس قبل عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے تحصیل کمپلیکس کے باہر ایک بیت الخلا بنایا گیا تھا تاکہ تحصیل کمپلیکس میں آنے والے لوگوں اور بلخصوص خواتین کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔
لیکن گذشتہ کئی عرصہ سے بیت الخلاء کی حالت اس قدر خراب ہے کہ اس میں قضاء حاجت کے لیے جانا تو درکنار اس طرف سے لوگوں کا گزرنا بھی دشوار گزار ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تحصیل کمپلیکس منڈی میں ہر روز ہزاروں کی تعداد میں لوگ تحصیل سطح کے دفاتروں میں مختلف کام کے سلسلہ میں آتے ہیں، لیکن اس دوران لوگوں کو بیت الخلاء کی سہولیات میسر نہیں ہوتی۔