اننت ناگ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر ٹریفک لائٹس نصب کیے گئے۔ ان سگنل لائٹس کو نصف کرنے کے لیے کئی سال پہلے سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے کی رقم نکالی تو گئی مگر ابھی تک ان لائٹس کو چالو نہیں کیا گیا۔
ان لائٹس کے چالو نہ ہونے کی وجہ سے قصبہ میں اکثر ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہا ہے اور منٹوں کی مسافت کو طے کرنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے بیماروں، طلب علموں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ قصبہ میں دو سرکاری ہسپتال ہیں جو کافی اہمیت کے حامل ہیں جن میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ اور زچہ بچہ ہسپتال اننت ناگ شامل ہیں جہاں پر بیماروں کا کافی رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ان ہسپتالوں کا رخ کرنے والے اکثر لوگ ٹریفک جام میں پھنس جاتے ہیں۔