پونچھ: مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے کنجا علاقے میں قدم گورنمنٹ مڈل اسکول میں صرف بچاس فیصد ہی طلباء حاضر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں تعلیمی نظام خستہ حالی کا شکار ہے جب کہ بچوں کو کھیل کا سامان بھی اسکول انتظامیہ کی جانب سے مہیا نہیں کیا جارہا ہے۔ اسکول میں جو بھی سامان آتا ہے، وہ سکول انتظامیہ کی جانب سے خرد برد کر دیا جاتا ہے۔
ان کہنا تھا کہ اسکول میں اساتذہ کی جگہ ایک ہلپر بچوں کو تعلیم دے رہی ہے۔ جب اس حوالے اسکول انتظامیہ سے پوچھنے کی کوشش کی گئی تو ان کی جانب سے والدین کو دھمکایا گیا۔ اس کو دیکھتے ہوئے چند نوجوانوں کی جانب سے اسکول کچن، بچوں اور اسکول کے عملہ کی موبائل کے ذریعہ ویڈیو بنائی گئی۔
یہ معاملہ اس وقت اتنا سنگین ہوچکا ہے کہ تھانے تک پہنچ گیا۔ اس پر والدین نے اسکول انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ تھانے تک اسکول ہیڈ ماسٹر انچارج کی وجہ سے پہنچا ہے جس کو دیکھتے ہوئے والدین نے بچوں کو سکول میں بھیجنا بند کر دیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کی باریک بینی سے تحقیقات کروائی جائے تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل تاریک نہ ہو۔ اس حوالے سے جب سکول انچارج ہیڈ ماسٹر جاوید احمد سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے لگائے جارہے تمام تر الزامات بے بنیاد ہیں۔