اننت ناگ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع سمیت تمام اضلاع میں جلد سے جلد سرمائی تعطیلات کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔وادی میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سردی کی لہر مسلسل جاری ہے۔ سرد موسم کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ خاص طور پر شبانہ درجہ حرارت میں کمی کے سبب درجہ حرارت کا پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، جس کی وجہ سے اہلیاں وادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہتی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف سردی کا زبردست احساس ہوتا ہے بلکہ روشنی کی کمی رہتی ہے جس دوران ٹریفک کی نقل و حمل میں دشواریاں ہوتی ہیں۔ سرکار کی جانب سے ابھی تک وادی کشمیر میں سرمائی تعطیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سرپرست اپنے بچوں کو لے کر کافی فکرمند رہتے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو صبح سویرے شدید سردیوں میں اسکول جانا پڑتا ہے۔ وہیں اسکولوں میں گرمی کا کوئی انتظام نہیں ہے، جس دوران ان کے بچے شدید سردیوں کی زد میں آکر بیمار ہو جاتے ہیں۔