مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر میں پنچایت کانفرنس کی جانب سے جموں میں ایک احتجاجی پروگرام منعقد ہوا جس میں پنچوں سرپنچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
اس دوران مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حال ہی میں منعقد ہوئے پنچایت انتخابات میں منتخب ہوئے پنچوں اور سرپنچوں کی مکمل سیکورٹی کے ساتھ ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کے نائب صدر ضلع اننت ناگ غلام محمد میر کی ہلاکت کی تحقیقات کرائی جائے۔
جموں میں پنچایت کانفرنس کا احتجاج جاری خیال رہے غلام محمد میر کو گزشتہ روز جنوبی کشمیر کے ویری ناگ علاقے میں اپنے ہی گھر میں نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار کر ہلاک کیا۔
جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے صدر انل شرما نے کہا کہ 'منریگا اسکیم کے تحت ترقیاتی کاموں پر خرچ ہونے والے ایک ہزار کروڑ روپے ابھی بھی بقایا ہیں جس کی وجہ سے ترقیاتی کام ٹھپ پڑ گئے ہیں'۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنچایت راج قوانین کو پورے طریقے سے نافذ کیا جائے تاکہ زمینی سطح پر جمہوریت بحال ہو۔