امریکہ کی کانگریشنل ریسرچ سروس (سی آر ایس) نے اپنی ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کے خصوصی اختیارات کو ختم کرنے کے بعد پاکستان کے پاس بھارتی اقدام کا جواب دینے کے لیے محدود آپشن موجود ہیں۔
چھ ماہ میں یہ سی آر ایس کی دوسری رپورٹ ہے جس میں جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارت پاکستان تعلقات پر تفصیلی تذکرہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کو لیکر بہت کم آپشنز بچے ہیں اور پاکستان فوجی کارروائی کرنے کا متحمل نہیں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سفارتی مہم کے ذریعے ہی کشمیر مسئلہ کو عالمی اداروں میں اُٹھانے کو ترجیح دیگا۔
واضح رہے سی آر ایس امریکی کانگریس کی ایک شاخ ہے جو امریکی ایوان نمائندگان کیلئے ایسی رپورٹس تیار کرتا ہے جن میں انکی دلچسپی ہو۔ ان رپورتس کا مقصد امریکی خارجہ پالیسی کو مؤثر بنانا ہوتا ہے۔