عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ میں گزشتہ ایک دو روز سے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے حوالے سے سیٹیں تقسیم کرنے کے معاملے کو لے کر سیاسی جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی اندرونی تلخیاں دور ہوتی نظر آرہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کو آئندہ ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں منتخب کردہ نشستوں کا از خود انتخاب کرنے کا اختیار دے دیا ہے اور اس طرح سے گپکار اعلامیہ میں پیدا ہونے والے اندرونی اختلافات کے امکانات کو ختم کیا گیا۔
خیال رہے کہ ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں امیدواروں کی پہلی فہرست کے جاری کرنے پر سیٹ شیئرنگ کے معاہدے کے حوالے سے پی اے جی ڈی میں اندرونی طور پر اختلافات اور تلخیاں پیدا ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے۔ تاہم بعد میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے اجلاس طلب کیا اور اس سلسلے میں محبوبہ مفتی کو نشستیں منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا۔