جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ عمر آباد میں منگل کی شام سے سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہوئے تصادم میں 3 عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'سرینگر انکاؤنٹر اپ ڈیٹ: مزید دو عدم شناخت عسکریت پسند ہلاک، مہلوک عسکریت پسندوں کی کل تعداد تیں، تلاشی آپریشن جاری‘۔
تاہم ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کی شناخت اعجاز رسول ساکنہ متریگام پلوامہ، زبیر احمد ساکنہ ترکوانگام شوپیاں اور اطہر مشتاق ساکنہ پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے لیکن پولیس نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
قبل ازیں ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 2 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے سرینگر کے مضافاتی علاقہ عمر آباد پورہ کو منگل کی شام قریب چھ بجے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تھا۔