ڈوڈہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے اکرم آباد میں واقع سی سی دفتر کے احاطے میں ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سنٹر (ڈی ای اور سی سی ڈوڈا) کے اشتراک سے یک روزہ جاب میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے شرکت کی۔روزگار میلے سے متعلق مقامی باشندوں کے درمیان بھی زبردست جوش و خروش پایا گیا۔
ڈوڈہ کے اکرم آباد میں منعقدہ جاب فیئر کا افتتاح ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ڈوڈہ محمد ادریس لون نے کیا۔ انہوں نے اس جاب فیئر میں بے روزگار نوجوانوں کو فراہم کی جانے والی ملازمتوں کی شرائط اور نوعیت کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ روزگار میلے میں 350 سے زیادہ آسامیاں پیش کرنے والی تیرہ نامور کمپنیوں نے اس جاب فیئر میں حصہ لیا جس میں آئی سی آئی سی، ایچ ڈی ایف سی بینک، ینڈس ولی بینک، ایل آئی سی، ایس بی آئی لائف، راجشری آٹو موبائل، بجاج ایلائنس، بجاب فنائنس، ماروتی سوزکی، جے کے ویکلس نکیسا دہلی واری، ہوٹل خان پلازہ ڈوڈہ شامل ہیں۔