حلقہ انتخاب کوکرناگ میں قدرت نے ہر طرف اپنے جلوے بکھیر کے رکھے ہیں، یہاں کی سر سبز خوبصورت وادیاں اور ان وادیوں میں صاف و شفاف آب وہوا، اُس آب و ہوا اور پُرسکون ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لئے موسم گرما شروع ہوتے ہی خانہ بدوش لوگ اپنے مال مویشی سمیت ہر سال ان پُر فضاء مقامات کا رُخ کرتے ہیں، اور ہر سال گرمیوں کی تپش سے بچنے کے لئے تقریباً چار سے پانچ مہینے تک کا عرصہ ان خوبصورت اور جنت نما وادیوں میں بسر کرتے ہیں۔
ان پُر سکون وادیوں سے لطف اندوز ہونا کوئی ان سے سیکھے جن کے پاس نہ تو اپنا کوئی ذر ہے اور نا ہی زمین۔ بس جو قدرت نےانہیں بخشتا ہے یہ خانہ بدوش اُسی سے گذارہ کرتے ہیں۔ حالانکہ قدرت نے انہیں ہر ایک نعمت سے نوازا ہے۔ جس کا نہ صرف خانہ بدوش بلکہ ان کے مال مویشی بھی بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ شہروں اور بازاروں کے شوروغل سے محفوظ کوکرناگ کی دور دراز پہاڑیوں کے دامن تلے خانہ بدوش لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سال کے کٹھن وقت سے لڑنے کے لئے ایسے مقامات کا رخ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جہاں پوری دنیا کوعالمی وبائی بیماری کورونا وائرس نے جکڑ کے رکھا ہے، ایسے میں ان خانہ بدوش لوگوں کو معمولی سر درد کی گولی کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔