اردو

urdu

ETV Bharat / state

کووڈ 19: کرگل میں محرم کے جلوسوں اور مجالس پر پابندی - لداخ میں اب تک کورونا وائرس

لداخ میں اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 14 افرادکی موت ہوچکی ہیں جن میں سے 8 اموات کرگل جبکہ دیگر چھ اموات ضلع لیہہ میں رپورٹ ہوئی ہیں۔

کووڈ 19: کرگل میں محرم کے جلوسوں اور مجالس پر پابندی
کووڈ 19: کرگل میں محرم کے جلوسوں اور مجالس پر پابندی

By

Published : Aug 18, 2020, 1:13 PM IST

مرکز کے زیر انتظام لداخ کے ضلع کرگل میں انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر محرم کے جلوسوں اور مجالس پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ضلع مجسٹریٹ کرگل بصیر الحق چوہدری نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا: 'ہمارے پاس یہاں ایک اور مسئلہ ہے کہ محرم ہے۔ محرم منانے پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے لیکن تین چار چیزوں کو فالو کرنا بہت ضروری ہے'۔

انہوں نے کہا: 'کسی بھی بڑے جلوس کو برآمد ہونے یا مجلس کو منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلوس برآمد کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ چاہے یہ جلوس محلے کے اندر نکالنے ہو یا تحصیل کی سطح پر'۔

بصیر الحق چوہدری نے کہا کہ ' ہم نے امام باڑوں کو بند نہیں کیا ہے لیکن ان میں کوئی مجالس نہیں ہوں گی۔'

ان کے بقول: 'صرف ایک آدمی اندر مرثیہ یا مجالس پڑھ سکتا ہے اور لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے باقی لوگ اپنے گھروں میں سنیں گے'۔

انہوں نے کہا: 'میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ کسی قسم کی کوئی ہڑبڑی نہ کریں۔ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ نہ کسی کے تعزیت پر جائیں اور نہ کسی کی شادی میں جائیں۔ ہم نے ایسی چیزوں پر پابندی لگا دی ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں ایسی چیزیں ہونے نہیں دیں گے'۔

ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں دولہے اور دلہن کی طرف سے دو دو افراد ہی شرکت کریں گے۔ یا زیادہ سے زیادہ قریبی رشتہ داروں کو ہی ایسی تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'اگر ہمیں ان تقریبات میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی اطلاع ملی تو اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی'۔

بتادیں کہ کرگل اور لیہہ اضلاع پر مشتمل لداخ یونین ٹریٹری میں اب تک کورونا وائرس کے زائد از 1900 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد زائد از پانچ سو ہے۔

لداخ میں اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 14 افراد کی موت ہوچکی ہیں جن میں سے 8 اموات کرگل جبکہ باقی چھ اموات ضلع لیہہ میں رپورٹ ہوئی ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details