بغیر ایڈمیشن فیس کے اسکولوں میں بچوں کو داخلہ دینے کا فیصلہ
پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر نے نجی اسکولوں کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ قواعد وضوابط کے عین مطابق داخلے میں سرعت لائیں۔
جموں وکشمیر پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے نئے تعلیمی سال کے لیے ایڈمیشن یا ڈونیشن کے متعلق اسکولوں کے نام ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میں اسکول انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ نئے داخلے کے لئے ایڈمیشن فیس والدین سے وصول نہ کریں۔ البتہ اسکولوں میں دستیاب سہولیات کے مطابق انیول چارج ادا کرنے ہوں گے جو کہ 3سے 15ہزار روپے تک مقرر ہیں ۔
اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وادی کشمیر میں حسب معمول نئے تعلیمی سال کے لئے داخلہ رواں برس کے اکتوبر مہینے سے شروع ہوتا ہے تاہم کے جی کلاسز یہ داخلہ ستمبر یا اکتوبر سے شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے لوگ پہلے ہی نامسائد حالات سے گزر رہے ہیں اور بچوں کے داخلہ میں مزید تاخیر سے نئے تعلیمی سال پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ سال تعلیمی لحاظ سے اساتذہ،والدین اور بچوں کے لئے نہایت ہی کھٹن رہا
ایسوسی ایشن کے صدر نے نجی اسکولوں کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ قواعد وضوابط کے عین مطابق داخلے میں سرعت لائیں۔ وہیں انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اسکول ضابطے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو والدین متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں ۔
جی این وار نے اسکول منتظمین پر زور دیتے ہوئے کہا وہ ایسوسی ایشن کی جانب سے لئے گئے فیصلے کی پاسداری عمل میں لائیں اور قواعد و ضوابط کو یقینی بنائے ۔