پی ڈی پی کے سینئر رہنما و سابق ایم ایل اے باںڈی پورہ نظام الدین بٹ نے آج ضلع کے پارٹی دفتر پر پریس کانفرنس بلاکر صاف ستھرے اور بہتر طریقے سے ڈی ڈی سی انتخابات منعقد کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
نظام الدین بٹ کی پریس کانفرنس انہوں نے کہا کہ حالانکہ گپکار الائنس کو الیکشن مہم چلانے کا بہت کم وقت ملا تاہم عوام نے بہتر فیصلہ سنایا جس کا ہم احترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مرکزی سرکار بھی عوام کے بھاری مینڈیٹ کا احترام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وقت کم ملنے کے باعث الائنس میں ضرور کچھ خامیاں رہیں جنہیں بہت جلد دور کر لیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں حاجن اے سیٹ پر ووٹ شماری روکے جانے کی کوئی خبر نہیں ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں سے بھی شکایات موصول ہوئیں وہاں دوبارہ سے الیکشن کرائے جاسکتے ہیں اور ہم اس کے لیے بالکل تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ عوام نے گپکار الائنس پر اعتماد دکھا کر اسے ایک بھاری مینڈیٹ دیا ہے اور اب الائنس پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسے مزید مضبوط بھی بنائے اور وسعت بھی دے۔