سری نگر میونسپل کارپوریشن چھاپڑی فروشوں کی باز آباد کاری کے لئے چھ مرحلوں پر محیط سینسس اور رجسٹریشن عمل عنقریب شروع کررہا ہے۔ اس عمل کا مقصد چھاپڑی فروشوں کے لئے مستقل بنیادوں پر مزید چھاپڑی مارکیٹ قائم کرنا ہے۔
سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا 'سری نگر کے تمام چھاپڑی فروشوں کی مکمل رجسٹریشن اور سینسس کے لئے ہدایات دی ہیں۔ اس عمل کو چھ مرحلوں میں اںجام دیا جائے گا تاکہ جعلی رجسٹریشن کی کوئی گنجائش نہ رہ سکے۔ یہ چھاپڑی فروشوں کی باز آباد کاری کے لئے مزید چھاپڑی مارکیٹ قائم کرنے کا آغاز ہے'۔
انتظامیہ نے چھاپڑی فرشوں کے لئے سری نگر کے قلب اور تجارتی مرکز لالچوک میں ایک چھاپڑی مارکیٹ قائم کیا ہے جہاں چھاپڑی فروش اپنا کام کررہے ہیں۔ اس مارکیٹ کا نام پہلے 'مکہ مارکیٹ' رکھا گیا تھا بعد میں سال 2016 کی ایجی ٹیشن کے بعد یہ مارکیٹ 'فیشن مارکیٹ' کے نام سے کھل گیا تاہم آج یہ مارکیٹ 'مکہ مارکیٹ' کے نام سے ہی چل رہا ہے۔