پلوامہ:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ سمیت تمام اضلاع میں عید میلاد النبی کی تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔اسی سلسلے میں پلوامہ کے ترال میں واقع مراز ادبی سنگم اور الکیمی اسکول میں باہمی اشتراک سے عید میلاد النبی صلعم کی مناسبت سےایک نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا اجلاس میں ڈاکٹر شیدا حسین شیدا نے مشاعرہ میں نظامت کے فرائض بھی انجام دئے۔
تقریب میں الکیمسٹ نامی کتاب کا کشمیری ترجمہ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ کتاب کی رونمائی کی رسم علی شیدا نے انجام دی۔ الکیمسٹ ناول کا ترجمہ پروفیسر لون امتیاز اور پروفیسر نثار ندیم نے کیا ہے۔ الکیمسٹ ناول پر میر روشن خیال نے مختصر روشنی ڈالی۔ یوسف جہانگیر نے الکیمسٹ ناول پر مدلل اور مفصل مضمون پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی چھوٹی یا بڑی زبان تب تک اپنا اعلی مقام حاصل نہیں کرسکتی ہے جب تک کہ اس زبان میں اعلی اور معیاری ادب تخلیق نہ ہو۔ دنیا کی ایک چھوٹی سی زبان میں تخلیق ہوئی کتاب الکیمسٹ نے اپنے اعلی معیار کے سبب عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔
علی شیدا نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ نعت شاعری کی نازک ترین صنف ہے جس کا ماخذ قرآن مجید ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعتیہ صنف میں دنیا بھر کے شاعر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ عالمی سطح پر اعلی درجہ کی نعتیہ شاعری تخلیق ہوتی ہے۔ نعتیہ صنف میں شاعر نئے موضوعات کی دریافت کرنے کی سعی کرنے میں محو ہیں۔